پی ٹی آئی کا مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
راولپنڈی: پی ٹی آئی نے مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات کے چوتھے راونڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ سے قبل جوڈیشل کمیشن کا قیام ضروری ہے اور جب تک جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں نہیں لایا جاتا، چوتھے مذاکراتی راؤنڈ میں نہیں بیٹھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایات ہیں، حکومت جوڈیشل کمیشن نہیں بناتی تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں لہٰذا ہم حکومت کے ساتھ چوتھے مذاکراتی راؤنڈ میں نہیں بیٹھیں گے۔
دوسری جانب حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے بننے اور نہ بننے کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 28 جنوری کو پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ چوتھا مشترکہ اجلاس ہوگا۔
خیال رہے کہ حکومت اور اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے 3 دور ہوچکے ہیں اور گزشتہ سماعت پر پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات تحریری صورت میں دیے تھے۔