ملک میں کورونا زدگان 34 ہزار سے متجاوز، 737 جاں بحق
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 34 ہزار 133 اور اس سے کُل اموات 737 ہوگئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 11 ہزار 848 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور 2 ہزار 255 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 31 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اب تک کیے گئے کورونا ٹیسٹ کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 699 ہوگئی۔ خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ 267 اموات ہوئیں۔ پنجاب میں 214، سندھ میں 218، بلوچستان 27، اسلام آباد 6 اور گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ ملک میں کورونا کے 167 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
سندھ میں کورونا کے اب تک 12 ہزار 610 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 13 ہزار 225، خیبرپختونخوا 5 ہزار 21، بلوچستان 2 ہزار 158، اسلام آباد 759، آزاد کشمیر 88اور گلگت بلتستان میں 475 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان مریضوں میں سے 8 ہزار 812 صحت یاب ہو چکے ہیں۔