سارہ شریف قتل کیس: والد اور سوتیلی ماں کو عمر قید کی سزا
لندن: برطانیہ میں قتل کی گئی معصوم بچی سارہ شریف کیس میں والد عرفان شریف کو کم سے کم 40 سال اور سوتیلی والدہ بینش بتول کو 33 سال قید کی سزا کاٹنا ہوگی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سارہ شریف قتل کیس میں اولڈ بیلی کراؤن کورٹ نے والد اور سوتیلی ماں کو مجرم قرار دیے جانے کے بعد آج سزا سنادی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ 43 سالہ والد اور 30 سالہ والدہ عمر قید کی کم سے کم مدت بالترتیب 40 اور 33 سال کاٹنے کے بعد بھی مرتے دم تک لائسنس پر زیر نگرانی رہیں گے اور خلاف ورزی پر دوبارہ جیل جانا ہوگا۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سزا کا کم سے کم وقت ختم ہونے کے بعد بھی رہائی کی گارنٹی نہیں، اس کا فیصلہ پیرول کرے گا۔
عدالت نے سارہ شریف کے چچا 29 سالہ فیصل ملک کو جرم چھپانے، خاموش رہنے اور معاونت پر 16 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
خیال رہے کہ سارہ شریف کی لاش اس کے بیڈ روم سے 10 اگست کو ملی تھی جب کہ اس کے والد عرفان شریف، سوتیلی ماں بینش بتول اور چچا پاکستان فرار ہوگئے تھے۔