سندھ: آٹھویں تک کے طلبا کو اگلی جماعت میں ترقی دینے کا اعلان!
کراچی: سندھ حکومت نے آٹھویں تک کے طلبا کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کا اعلان کردیا ۔
کراچی میں محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ آج اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں تفصیل سے مشاورت ہوئی، کمیٹی نے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے بچوں کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بچوں کو گزشتہ برس کی کارکردگی کی بنیاد پر پروموٹ کیا جائے گا۔ ہمیں طلبا کی مشکلات کا اندازہ ہے، ایسا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے جس سے طلبا کی مشکلات میں اضافہ ہو، بورڈ قوانین میں بغیر امتحان کے طلباء کو پروموٹ نہیں کیا جاسکتا۔ بورڈ امتحانات پر وفاق سے بات کرکے فیصلہ کریں گے۔ اس کے لیے ہمیں ایک وقت کے لیے ترمیم یا آرڈیننس لانا ضروری ہوگا۔
سعید غنی نے کہا کہ ممکن ہے کورونا وائرس کے باعث اسکول مزید 6 ماہ تک نہ کھلیں، اس لیے چند روز میں آن لائن تعلیمی نظام کا اعلان کرنے جارہے ہیں، کورونا کے بعد زندگی بدل چکی، کوئی پتا نہیں کب کورونا کی ویکسین بنے، ہمیں احتیاط سے کام کرنا ہوگا اور وائرس سے خود کو بچانا ہوگا، این سی سی کے اجلاس میں 15جولائی تک اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا، یکم جون کو صوبہ سندھ کے اسکول نہیں کھلیں گے، اسکول کھولنے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔