شام سے 300 سے زائد پاکستانی بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شام سے 300 سے زائد پاکستانی بحفاظت ملک واپس پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ شام سے وطن واپس آنے والوں میں زیارت کے لیے جانے والے افراد بھی شامل ہیں۔ 300 سے زائد پاکستانی شام سے بحفاظت واپس پہنچ چکے ہیں۔ پاکستانیوں کو فوری ویزا دینے پر لبنان حکومت کے شکر گزار ہیں۔ ہمارا سفارت خانہ شام میں تمام پاکستانیوں کی معاونت کررہا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے کہ دہشت گردی کی ہر کارروائی کی مذمت کرنی چاہیے۔ عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کا نوٹس لے۔ شام کی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کرتے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ قابل مذمت ہے۔ پاکستان یقین رکھتا ہے کہ بیرونی مداخلت سے شام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ شام کے شہریوں کا حق ہے کہ وہ اپنا مستقبل خود طے کریں۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
خلیل الرحمٰن حقانی کی وفات پر وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ٹوئٹ سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خلیل الرحمٰن حقانی کی وفات پر وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ساتواں اجلاس اسلام میں منعقد ہوا۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور فرانس کے درمیان یو این سیکیورٹی معاملات پر اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ پاکستان اور فرانس نے باہمی طور پر چیلنجز کا سامنا کرنے پراتفاق کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔