کورونا زدگان 32 ہزار سے متجاوز، 706 جاں بحق
اسلام آباد/ کراچی/ لاہور: پاکستان بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 32000 سے تجاوز کرگئی جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 706 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 10ہزار 957 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جب کہ ایک ہزار 140 افراد میں اس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح اب تک کیے گئے کورونا ٹیسٹ کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 851 ہوگئی اور 32 ہزار 81 میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 39 افراد اس وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بنے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 706 ہوگئی۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 257 اموات ہوئی ہیں۔ پنجاب میں 211، سندھ میں 200، بلوچستان 27، اسلام آباد 6 اور گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا نے ایک شخص کی جان لی۔ اس کے علاوہ ملک میں کورونا وائرس کے 167 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 32 ہزار 81 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے اب تک 12 ہزار 17 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 11 ہزار 869، خیبرپختونخوا 4 ہزار 875 ، بلوچستان 2 ہزار 61 ، اسلام آباد 716، آزاد کشمیر 86 اورگلگت بلتستان میں 457 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ان مریضوں میں سے 8 ہزار 555 صحت یاب ہوچکے ہیں۔