عالمی منڈی میں تیل سستا: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان
اسلام آباد: پچھلے کچھ سال کے دوران بدترین مہنگائی سے تنگ عوام کے لیے خوش خبری، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
یکم نومبر سے اگلے پندرہ روز کے لیے 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
عالمی مارکیٹ میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اوسط قیمتیں قریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہیں۔ موجودہ ٹیکس ریٹس اور شرح تبادلہ کے حساب سے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں 3 روپے اور 2 روپے 30 پیسے فی لیٹر کی کمی ہوسکتی ہے۔
عالمی منڈی میں پٹرول کی اوسط فی بیرل قیمت 77.5 ڈالر کے مقابلے میں 76 ڈالر پر آگئی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی بیرل نرخ 86.5 ڈالر سے کم ہوکر 84 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیے گئے۔
موجودہ 15 روز کے دوران پٹرول اور ڈیزل دونوں پر امپورٹ پریمیم 8.7 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا۔
خیال رہے کہ اس وقت پٹرول کی ایکس ڈپو فی لیٹر قیمت 247 روپے 3 پیسے اور ڈیزل کے ایکس ڈپو نرخ 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہیں۔