عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی چانسلر کے حتمی امیدواروں کی فہرست سے باہر

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننے کا خواب شرمندۂ تعبیر ہونے سے محروم رہ گیا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب کے امیدواروں کی فہرست جاری ہوگئی ہے، جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام شامل نہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا عہدہ روایتی اور علامتی نوعیت کا ہوتا ہے اور اس انتخاب میں نمایاں شخصیات حصہ لے رہی ہیں۔

امیدواروں میں برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے سابق وزیراعظم بورس جانسن، مشہور برطانوی آرکیٹیکٹ سر نورمن فوسٹر اور معروف وکیل بیرسٹر پیٹر کریگ شامل ہیں۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا بانی عمران خان کی آکسفورڈ چانسلر شپ کی مہم کے لیے لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی میڈیا اور آکسفورڈ کی چانسلر شپ کی مہم کے لیے دو تین لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی کو لابنگ فرم کی خدمات کے حصول پر تکلیف نہیں ہونی چاہیے کیونکہ میں نے اس کے لیے کسی سے پیسے نہیں لیے ہیں، یورپ میں مہم شروع ہوگی تو یورپین ماہرین کی خدمات حاصل کریں گے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی چانسلر شپ کے معاملے پر معروف قانونی فرم میٹرکس چیمبرز نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے ضوابط کے مطابق چانسلر شپ کے اہل نہیں ہیں۔

سینئر قانون دان ہیوساؤتھی کے مطابق بانی پی ٹی آئی مجرمانہ سزا پانے کے سبب اس عہدے کے اہل نہیں ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔