امریکی شہری پر 18 برس تک پڑوسی کا بِل ادا کرنے کا انکشاف
کیلیفورنیا: امریکا میں ایک شخص پر انکشاف ہوا ہے کہ وہ گزشتہ 18 برس سے انجانے میں اپنے پڑوسی کا بجلی کا بل بھرتا رہا ہے۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق 2006 سے موجودہ اپارٹمنٹ میں رہنے والے کین ولسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں غور کیا کہ ان کا پیسیفک گیس اور الیکٹرک (پی جی اینڈ ای) بِل بڑھ رہا ہے لہٰذا انہوں نے توانائی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے۔
اس کے باوجود جب ان کا بل کم نہیں ہوپایا تو وہ پی جی اینڈ ای کے دفتر پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا خیال تھا کہ یا تو لائن لیک تھی یا کوئی ان کی بجلی چوری کررہا تھا یا پھر میٹر میں کچھ مسئلہ تھا، کیوں کہ کچھ تو ایسا تھا جو ٹھیک نہیں تھا۔
یوٹیلٹی کمپنی کے ملازمین کین ولسن کے گھر معائنے کے لیے آئے اور تب یہ بات سامنے آئی کہ کمپنی ان سے ان کے بجائے ان کے پڑوس کی بجلی کا بِل وصول کررہی ہے۔
کین ولسن کا کہنا تھا کہ یہ مغالطہ ممکنہ طور پر گزشتہ 18 برس سے ہورہا ہو جب سے وہ اس اپارٹمنٹ میں رہ رہے ہیں۔
ادارے نے ایک بیان میں کہا کہ ادارہ اپنی غلطی کو قبول کرتا ہے اور غلطی کی تلافی کا عزم رکھتا ہے۔