کراچی میں طوفان ٹلتے ہی مضبوط مون سون سسٹم کا خطرہ منڈلانے لگا
کراچی: شہر قائد میں ایک طوفان کا خطرہ ٹلتے ہی دوسرے مضبوط مون سون سسٹم کا خطرہ منڈلانے لگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا شدید کم دباؤ شدت اختیار کرکے ڈپریشن بن گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ یہ سسٹم بھارتی گجرات اور راجستھان پراثرانداز ہوگا اور آئندہ تین سے چار روز میں مشرقی سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر اس کے اثرات کی اس وقت پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔
سمندری طوفان اسنیٰ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی سے مزید دور چلاگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان سندھ کی ساحلی پٹی سے مزید دور ہوگیا ہے اور طوفان بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں ہے جب کہ طوفان مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب مغرب سے 230 کلو میٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سمندری طوفان بلوچستان کی ساحلی پٹی سے قریب ہورہا ہے، طوفان اورماڑہ سے 180 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور گوادر سے 300 کلومیٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی ساحلی پٹی کی جانب بڑھتے ہوئے طوفان کا رخ عمان کی جانب ہوگا جب کہ طوفان کا کسی ساحل سے ٹکرانے کا امکان نہیں اور سمندر میں ہی کمزور ہوکر ختم ہونے کا امکان ہے۔