بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، وزیراعظم
کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، گورنر جعفر مندوخیل، وفاقی وزرا احسن اقبال، محسن نقوی، عطااللہ تارڑ اور جام کمال خان بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں بلوچستان میں امن وامان اور سیکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس لمحے فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں اپنے پُرعزم ارادے کے ساتھ دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے، بلوچستان پاکستان کا بہت خوبصوررت صوبہ ہے، دہشت گرد تنظیموں اور گھس بیٹھیوں نے ناپاک اسکیم بنائی تھی، شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، اس بارے میں کوئی شک نہیں کہ آرمی چیف کی قیادت میں اس مرحلے کو عبور کریں گے، دہشت گردی نے 2018 کے بعد سر اٹھایا ہے اس کا سرکچلا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں نے جو قربانیاں دیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان کی ترقی کی راہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔