سوشل میڈیا انفلوئنسر مختصر ویڈیو بناتے ہوئے کھائی میں گر کر ہلاک
ممبئی: بھارت سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر آنوی کامدار ریل (مختصر ویڈیو) بناتے ہوئے 300 فٹ گہری کھائی میں گر کر انتقال کرگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آنوی پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھی جو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سفر کے تجربات شیئر کیا کرتی تھی، وہ ایک طرح سے ٹریول وی لاگر تھی۔
رپورٹس کے مطابق آنوی کامدار نے 16 جولائی کو اپنے 7 دوستوں کے ہمراہ مون سون سیریز کے سفر کا آغاز کیا تھا، اس دوران وہ مہاراشٹرا کی مشہور کمبھے آبشار گئی، وہاں وہ مون سون سفر کی ویڈیو ریکارڈ کررہی تھی کہ اچانک پاؤں پھسل گیا اور وہ قریباََ 300 سے 350 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔
ہنگامی طور پر ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، جس کے بعد آنوی کو کھائی سے نکالنے کے لیے آپریشن شروع ہوا، جو 6 گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد آنوی کامدار کو زندہ حالت میں کھائی سے نکالا گیا، جو شدید زخمی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آنوی کامدار کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔
دوسری جانب اگر آنوی کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد کی بات کی جائے تو ان کے فالوورز کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار ہے۔