کراچی میں گرمی کی شدت 54 ڈگری محسوس کی جانے لگی، شہری بے حال
کراچی: شہر قائد اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جہاں گرمی کی شدت 54 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے اور شہر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع بھی کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 32.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن 2 بجے درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور گرمی کی شدت 54 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ہے اور سمندری ہوائیں 21 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو، ہرنائی، لورالائی، نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی، سبی، خضدار، قلات، زیارت، مستونگ میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تربت، نوکنڈی، دالبندین، سبی اور گردونواح میں گرمی کی شدت برقرار ہے، گزشتہ روز تربت میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔