پیپلز پارٹی نے بجٹ منظوری میں حکومت کی حمایت کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بجٹ منظوری میں حکومت کی حمایت کا فیصلہ کرلیا۔
بلاول بھٹو نے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت کی، جس میں پارلیمانی پارٹی کو حکومت سے مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔ پارلیمانی پارٹی کو حکومت سے طے شدہ معاہدے پر اعتماد میں لیا گیا۔
پیپلز پارٹی رہنما نوید قمر نے کہا کہ پارٹی وفاقی بجٹ کو ووٹ دے گی، ن لیگ اور پی پی کے درمیان حکومت سازی پر معاہدہ ہوا تھا۔ پی پی اور حکومت کے درمیان مذاکراتی ادوار منعقد ہوئے، وزیراعظم سمیت وزرا مذاکرات میں شریک ہوئے۔
نوید قمر نے کہا کہ حکومت کو مذاکرات میں مطالبات سے آگاہ کیا، چاروں صوبوں کے لیے پی ایس ڈی پی مشاورت سے بنانے کا فیصلہ ہوا تھا، بدقسمتی سے پی ایس ڈی پی پر حکومت نے مشاورت نہیں کی۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس میں لیگی ارکان کے پی پی کے خلاف بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ پارٹی ارکان سے بجٹ پر ووٹ دینے کے حوالے سے تجاویز بھی طلب کی گئیں۔
گزشتہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے ارکان کو مرضی سے بجٹ پر ووٹ دینے یا نہ دینے کا اختیار دے دیا تھا۔