دنیا کی سب سے اونچی سائیکل کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم
پیرس: دنیا کی سب سے اونچی سائیکل بنانے میں دو دوست کامیاب ہوگئے، جس پر بیٹھ کر باقاعدہ سواری بھی کی جاسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس سے تعلق رکھنے والے دو دوستوں نکولس بیریوز اور ڈیوڈ پیرو نے دنیا کی سب سے اونچی سواری کے قابل سائیکل بناکر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ انہیں دنیا کی سب سے اونچی سائیکل بنانے کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے میں قریباً 5 سال کا عرصہ لگا۔ اس سائیکل کی اونچائی 25 فٹ اور 5 انچ ہے۔
نکولس اور ڈیوڈ نے مزید بتایا کہ انہیں اس قسم کی سائیکل بنانے کا خیال ایک دن ریسٹورنٹ میں مشروب پینے کے دوران آیا اور انہوں نے جلد ہی اس کی ڈیزائننگ اور اس کے لیے مواد اکٹھا کرنا شروع کردیا۔
اس سائیکل کی تعمیر میں قریباً 2 سال لگے ہیں۔ سائیکل کو باضابطہ طور پر دنیا کی سب سے اونچی سائیکل کے طور پر سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا، جس نے اس سے قبل بنائے گئے ریکارڈ کو 1 فٹ، 2 انچ سے توڑا۔