کل یوم تکبیر پر وزیراعظم کا ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد: کل 28 مئی یوم تکبیر پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیرِاعظم نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے دن 28 مئی یوم تکبیر کو سرکاری چھٹی قرار دے دیا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، اس دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کے لیے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لیے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے، یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں، جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی یوم تکبیر، اُس وقت کے وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اس روز ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنس دانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس روز یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم کے اس اعلان کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔