آزاد کشمیر کے پُرامن احتجاج میں کچھ شرپسند بھی شامل تھے، وزیراعظم
مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے پُرامن احتجاج میں کچھ شرپسند عناصر بھی شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آزاد کشمیر پہنچے، جہاں انہوں نے دارالحکومت مظفرآباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر انوارالحق کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مظاہرین اپنے مطالبات کے لیے پُرامن احتجاج کررہے تھے، کوئی شک نہیں کہ ان مظاہرین میں کچھ شرپسند عناصر بھی شامل تھے، جو تحریک چلی تھی اس میں کچھ شہری جاں بحق ہوئے جس کی مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے بہترین مشورے دیے، فوری طور پر 23 ارب روپے کا مالی تعاون کا پیکیج تیار کیا اور 23 ارب روپے آزاد کشمیر حکومت کے اکاؤنٹ میں آچکے ہیں، یہ کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے لیے پوری دنیا میں آواز اٹھائی جاتی ہے، یہ یقین دلانے آیا ہوں کہ ہم آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں، آزاد کشمیر کی ترقی و خوش حالی پاکستان کی ترقی و خوش حالی سے جڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، مقبوضہ کشمیر کی ہمیشہ سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کی اور کرتے رہیں گے، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے معاملے پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، فلسطین میں 36 ہزار لوگوں کو شہید کردیا گیا۔