کراچی: خودکُش حملے میں غیر ملکی محفوظ، دو دہشت گرد ہلاک
کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر ہونے والے خودکُش حملے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ایک سیکیورٹی گارڈ دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کے مطابق گاڑی پر خودکُش حملہ ہوا ہے، دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کرکے واقعے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، اس میں غیر ملکی سوار تھے، دھماکے کے وقت فائرنگ بھی کی گئی تھی، دھماکے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ہلاک افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوپائی ہے تاہم دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد 45 سالہ نور محمد اور 45 لنگر خان کے ناموں سے شناخت ہوئی ہے دونوں سکیورٹی گارڈ تھے اور غیر ملکیوں کی حفاظت کے لیے ان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے۔
پولیس کا کہنا ہے دھماکے کا نشانہ بننے والی غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب موٹر سائیکلیں بھی ملی ہیں، دھماکے کے نتیجے میں متاثرہ گاڑی کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کے مطابق خودکُش حملے کا نشانہ بننے والی وین میں 5 غیر ملکی سوار تھے، وین میں سوار تمام غیر ملکی محفوظ ہیں، غیرملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، ایک خودکُش حملہ آور دھماکے میں ہلاک ہوا جب کہ اس کے دوسرے ساتھی کو پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔
پولیس کا کہنا ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقابلے میں مارا گیا دوسرا دہشت گرد بھی خودکُش بم بار تھا، ہلاک دہشت گرد کے جسم سے خودکُش جیکٹ اور گرینیڈ بندھا ہوا تھا، دھماکے کی جگہ کے قریب موجود ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم اس جگہ کا معائنہ کرے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں کام کرتے ہیں، وین کو موٹرسائیکل پر سوار خودکُش بمبار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جائے وقوع سے کلاشنکوف اور دستی بم سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان اور سلمان رفیق شامل ہیں، 2 کی حالت تشویش ناک ہے، دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔ بعدازاں ایک سیکیورٹی گارڈ نور محمد دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرا سکیورٹی گارڈ سلمان رفیق وینٹی لیٹر پر ہے۔