ارب پتی جوڑے نے تمام دولت عطیہ کرکے دُنیا تیاگ دی
سورت: ارب پتی بھارتی بزنس مین اور ان کی اہلیہ نے ناقابل یقین قدم اٹھاتے ہوئے اپنی تمام دولت عطیہ کرکے دُنیا تیاگ دی۔
فی زمانہ کسی ارب پتی کاروباری کا اپنی تمام دولت اور جائیداد عطیہ کرکے دنیا سے کنارہ کش ہوجانا ناقابل یقین بات معلوم ہوتی ہے مگر بھویش بھنڈاری اور ان کی اہلیہ نے یہ قدم اٹھاکر بہت سوں کو حیران کردیا ہے۔
جین مت کے پیروکاراس جوڑے نے فروری میں اپنی تمام دولت، جس کی مالیت دو ارب روپے تھی، عطیہ کردی تھی اور ماہ رواں کے آخر میں وہ باضابطہ طور پر ایک تقریب میں اپنی پچھلی زندگی چھوڑ کر تارک الدنیا ہوجائیں گے۔
بھویش بھنڈاری کا تعلق گجرات کے شہر ہمت نگر سے ہے اور وہ کنسٹرکشن کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
ارب پتی کاروباری شخص اور ان کی اہلیہ کی زندگی میں اس انقلابی تبدیلی کا سبب ان کے نوجوان بیٹے اور بیٹی بنے ہیں۔ دو سال قبل اس جوڑے کی انیس سالہ بیٹی اور سولہ سالہ بیٹے نے رہبانیت اختیار کرلی تھی، اور انہی کے اصرار پر بھویش اور ان کی اہلیہ نے بھی عام زندگی ترک کردینے کا مشکل فیصلہ کیا۔
بھویش اور ان کی شریک حیات 22 اپریل کو باضابطہ طور پر رہبانیت اختیار کرلیں گے، جس کے بعد وہ اپنے تمام رشتے داروں سے مکمل طور پر قطع تعلق کرلیں گے اور انہیں اپنے ساتھ کوئی بھی مادّی شے رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس کے بعد وہ تازندگی برہنہ پا رہیں گے اور ان کا گزارا لوگوں کی دی ہوئی خیرات پر ہوگا۔
دیگر راہبوں کی طرح ان کے جسم پر صرف دو سفید کپڑے، ہاتھ میں کشکول اور ایک سفید جھاڑو ہوگا، جسے وہ زمین پر بیٹھنے سے پہلے حشرات کو ہٹانے کے لیے استعمال کریں گے۔
اپنی امارت کے لیے گجرات میں مشہور بھنڈاری خاندان کے دنیا کو تیاگ دینے کے فیصلے پر بہت سے لوگ حیران ہیں، تاہم اپنی تمام دولت عطیہ کرکے رہبانیت اختیار کرنے والا یہ پہلا خاندان نہیں، اس سے قبل بھی ایسی کئی نظیریں موجود ہیں۔