بولی وُڈ میں کام کی آفر ملی تو فوری قبول کرلوں گی، سارہ خان
کراچی: ٹی وی صف اول کی اداکارہ سارہ خان کا کہنا ہے کہ وہ بولی وُڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی فین ہیں اور اُن کے کام کو بہت پسند کرتی ہیں۔
سارہ خان اور اداکار بلال عباس ڈرامے عبداللہ پور کا دیوداس میں جلوہ گر ہورہے ہیں، حال ہی میں اس ڈٖرامے کی نشریات کا آغاز ہوا ہے۔
کمال انجم شہزاد کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈرامے عبداللہ پور کا دیوداس کی کہانی شاعرانہ موضوعات، محبت اور دوستی کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے کے مرکزی کردار فخر اور کاشف ہیں جنہیں بالترتیب بلال عباس خان اور رضا طالش نے ادا کیا ہے جب کہ سارہ خان ڈرامے میں گل بانو کے کردار میں نظر آرہی ہیں۔
اس ڈرامے میں کام کرنے کے بعد سے بھارت میں سارہ خان کی مقبولیت کافی بڑھ گئی ہے اور اسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کچھ بھارتی خبررساں اداروں نے اداکارہ کا انٹرویو بھی لیا ہے۔
سارہ خان نے بھارتی صحافی کو انٹرویو میں اپنے ڈرامہ سیریل عبداللہ پور کا دیوداس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ پاکستان، بھارت سمیت جہاں بھی میرے مداح مقیم ہیں وہ سب اس ڈرامے میں گل بانو کا میرا کردار دیکھیں، یہ ایک پرانے اسکول کی محبت کی کہانی ہے جو جدید دور میں سیٹ کی گئی ہے۔
سارہ خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں شائقین خوبصورت محبت کی کہانیاں اور شاعری بہت پسند کرتے ہیں، یہ ڈرامہ بھی دونوں ممالک کے مداحوں کی پسند کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
سارہ خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ثقافتی طور پر ایک جیسے ہیں، یہاں کی کہانیاں، گھریلو رسم و رواج اور روایات قریباََ ایک جیسی ہیں اور پاکستانی اداکار اپنی شاندار اداکاری کے لیے بہت مشہور ہیں جب کہ ہمارے ڈراموں کی کہانیاں بھی زبردست ہوتی ہیں، یہی وجوہ ہیں جن کی وجہ سے پاکستانی ڈرامے بھارت میں شہرت حاصل کررہے ہیں۔
سارہ خان نے بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ کسی بھی اداکار کے لیے دوسرے ملک کے ساتھ کام کرنا بہت بڑی بات ہے، اس لیے اگر مجھے بولی وُڈ میں کام کرنے کا موقع ملے تو یہ میرے لیے بہت اچھا ہوگا اور میں فوراََ ہی آفر قبول کرلوں گی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں بچپن سے بھارتی فلمیں دیکھتی آئی ہوں اور بولی وُڈ میں مجھے دیپیکا پڈوکون بہت زیادہ پسند ہیں، اُن کی شخصیت اور کام کی فین ہوں اور جب میں نے بطورِ اداکارہ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا تو یہ سوچا تھا کہ میں سلمان خان کے ساتھ کام کروں گی۔