اسپیکر قومی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر اراکین سے حلف لینے سے روکنے کا عدالتی حکم

پشاور: عدالت عالیہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے سے روک دیا۔
پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس شکیل احمد نے مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کو حلف اٹھانے سے روکتے ہوئے کل تک حکم امتناع جاری کر دیا۔
پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کل تک جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے پوچھا کہ کیا مخصوص نشستوں کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا جاسکتا ہے؟
عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں اور لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے کیس چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو بھیج دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے لیے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 1-4 کے تناسب سے فیصلہ جاری کیا تھا جب کہ ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلافی نوٹ لکھا تھا۔
الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے باعث سنی اتحاد کونسل قومی و صوبائی اسمبلی کی 77 نشستوں سے محروم ہو گئی تھی جس کے خلاف سنی اتحاد کونسل نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔