فرحان سعید نے بولی وُڈ جانے کے لیے جل بینڈ کو خیرباد کہا، گوہر ممتاز
کراچی: گلوکار و اداکار گوہر ممتاز نے انکشاف کیا ہے کہ فرحان سعید نے جل بینڈ سے اس لیے علیحدگی اختیار کی تھی کیوں کہ وہ عاطف اسلم بننا چاہتے تھے۔
گوہر ممتاز نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ گلوکار فرحان سعید نے عاطف اسلم کے مقابلے میں بہت محنت کی، میں فرحان کو یہی بات سمجھاتا تھا کہ کہیں جانے کی ضرورت نہیں۔
گوہر ممتاز کے مطابق انہوں نے فرحان سعید کو جل بینڈ کے ساتھ جڑے رہنے کا مشورہ دیا تھا لیکن فرحان سعید نے بات نہ مانی اور انہوں نے بالی وُڈ جانے کے لیے بینڈ کو خیرباد کہہ دیا۔
گوہر ممتاز نے مزید کہا کہ فرحان سعید کی جانب سے بینڈ چھوڑنا ان کے لیے بہت تکلیف دہ وقت تھا، انہوں نے فرحان سعید کو سمجھایا بھی کہ عاطف اسلم کو صحیح گاڑی مل گئی ہے وہ ٹھیک وقت پر چلے گئے، ہر کوئی ایسی قسمت والا نہیں ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اُس وقت فرحان سعید کو عاطف اسلم بننا تھا، وہ بولی وُڈ جانا چاہتے تھے، بعدازاں ان کی کہی ہوئی باتیں سچ بھی ثابت ہوئیں کیوں کہ بولی وُڈ کے پاس اور بھی بہت بڑے گلوکار ہیں۔
گوہر ممتاز نے کہا عاطف کے مقابلے میں، میں نے فرحان پر بہت محنت کی تھی، اس کی آواز ایوریج تھی۔
خیال رہے کہ جل بینڈ 2002 میں بنایا گیا تھا، جس میں عاطف اسلم اور فرحان سعید بھی تھے۔
عاطف اسلم کی جانب سے جل چھوڑنے کے بعد فرحان سعید اس بینڈ کے مرکزی گلوکار رہے، بعدازاں انہوں نے بھی بینڈ کو الوداع کہہ دیا۔