انتخابات میں ناکامی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق مستعفی
لاہورٖ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عام انتخابات میں ناکامی پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
سراج الحق کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ کوشش اور محنت کے باوجود انتخابات میں مطلوبہ کامیابی نہیں دلاسکا، انتخابات میں ناکامی کو قبول کرتے ہوئے بطور امیر جماعت اسلامی استعفیٰ دیتا ہوں۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے شوریٰ کا اجلاس 17 فروری کو منصورہ میں طلب کرلیا ہے۔
ترجمان کے مطابق شوریٰ اجلاس میں سراج الحق کے استعفے کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی کے الیکشن کمیشن کے صدر نے نئے امیر کے انتخاب اور اراکین کی رہنمائی کے لیے 3 ناموں کا اعلان بھی کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی کے نئے امیر کے لیے اعلان کردہ 3 ناموں میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں، اراکین ان 3 کے علاوہ بھی کسی رکن کے امیر کے منصب پر انتخاب کے لیے اپنی رائے دے سکتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ امیر جماعت کے انتخاب کے تمام مراحل 31 مارچ 2024 تک مکمل کیے جائیں گے، اپریل میں صدر الیکشن کمیشن راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی میں دستور کے مطابق ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں، امیر جماعت اسلامی کا انتخاب ہر 5 سال بعد دستور کے مطابق ہوتا ہے۔