بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
اسلام آباد: بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں، اسی لیے کسی بھی عام قیدی کی طرح سزا اڈیالہ جیل میں کاٹنا چاہتی ہوں، دوسرے سیاسی ورکرز جیلوں میں عام قیدیوں کے ساتھ ہیں، بنی گالہ سب جیل میں منتقلی مساوی حقوق کے منافی ہے۔
بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ 31 جنوری کو صبح 10 سے رات 9 بجے تک اڈیالہ جیل میں انتظار کرانے کے بعد سب جیل منتقل کیا گیا، پوچھنے پر مجھے بتایا گیا کہ بنی گالہ رہائش کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔
بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ چیف کمشنر آفس اسلام آباد کا 31 جنوری کا نوٹیفکیشن اور بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا انتظامیہ کا نوٹیفکیشن بھی کالعدم قرار دیا جائے۔