بہترین سیکیورٹی انتظامات، انتخابات پُرامن ہوں گے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات سے متعلق انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کررہا ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے بہت اچھے انتظامات کیے گئے ہیں، سیکیورٹی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، سیکیورٹی کی تیسری ٹیئر پاکستان آرمی کے پاس ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 12 کروڑ سے زائد شہری ووٹ دے سکیں گے، 6 کروڑ 90 لاکھ مرد اور 5 کروڑ 90 لاکھ سے زائد خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2008 اور 2013 میں الیکشن کے وقت ملک میں دہشت گردی تھی، طالبان کے کابل حکومت سنبھالنے کے بعد دہشت گردی میں اضافہ ہوا، القاعدہ اور ٹی ٹی پی افغانستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں، لیکن یقین دلاتے ہیں کہ الیکشن پُرامن ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا پولنگ اسٹیشنوں پر سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں، ہم آزاد ملک ہیں، میڈیا آزاد ہے اور ہر ایک کو اظہار رائے اور تنقید کا حق حاصل ہے لیکن عدالتی فیصلے پر نگران حکومت کوئی بات نہیں کر سکتی کیونکہ وہ ہمارے ماتحت نہیں ہیں، مختلف ممالک سے 92 عالمی مبصرین انتخابات کور کریں گے۔
وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت سرمایہ کاروں کو راغب کیا جارہا ہے، نگراں حکومت نے معیشت کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی معاہدے کیے گئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔