بی پی ایل فرنچائز نے شعیب ملک پر میچ فکسنگ کا الزام بے بنیاد ٹھہرادیا
ڈھاکا: بنگلا دیش پریمیئر لیگ کی فرنچائز فارچیون باریسل نے پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزام کو بے بنیاد ٹھہرادیا۔
سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مبینہ طور پر فکسنگ کے شبے کے بعد شعیب ملک کا فارچیون باریسل سے کنٹریکٹ ختم ہوا۔
باریسل ٹیم کے میڈیا منیجر سکندر نے نجی ٹی وی کے رابطے پر شعیب ملک کے حوالے سے بنگالی میڈیا کے دعوے اور اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
میڈیا منیجر سکندر کا موقف ہے کہ شعیب ملک 6فروری کو دوبارہ آکر کھیلنے کے خواہش مند تھےم لیکن ان کی اس تجویز کو قبول نہیں کیا گیا جس کے بعد باہمی رضامندی سے معاہدہ ختم ہوا۔
دوسری جانب نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے میڈیا رپورٹس کو غلط ٹھہراتے ہوئے کہا کہ پہلے سے طے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے دبئی میں ہوں، واپسی جاکر کھیلنا چاہتا تھا لیکن لیگ انتظامیہ راضی نہیں ہوئی، باقی سب باتیں بکواس ہیں۔
بنگلادیش پریمیئر لیگ میں شعیب ملک پر مبینہ فکسنگ کی بازگشت پر فارچیون باریسل کا موقف بھی سامنے آگیا۔ فارچیون باریسل بنگالی میڈیا کی جانب سے غلط خبروں پر ناراض ہے۔
ٹیم اونر میزان الرحمٰن نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا، جس میں ان کا موقف ہے کہ شعیب ملک ذاتی مصروفیات کے باعث دبئی گئے ہیں اور ذاتی مصروفیات کے بعد 6 فروری سے ٹیم کو جوائن کرنا چاہتے تھے، 6فروری کے بعد صرف دو میچز تھے جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ نے شعیب ملک کے ساتھ باہمی مشاورت سے معاہدہ ختم کیا، شعیب ملک اچھے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کھلنا ٹائیگرز کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی اور ہمیں ان سے کوئی شکایت نہیں۔
واضح رہے کہ شعیب ملک مذکورہ میچ میں 6گیندوں پر پانچ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب ملک نے ایک اوور میں 18 رنز دیے جس میں تین نو بال بھی کروائیں۔