قوم کا دفاع ہر صورت کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ مغربی اور مشرقی سرحد پر فوج مستعد کھڑی ہے جب کہ بھارت جس طرح کے اقدامات کررہا ہے، اس کو دنیا دیکھ رہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر جارحیت کررہی ہے، بھارت کی جنگ بندی خلاف ورزیوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، قوم کا دفاع ہر صورت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر معصوم شہریوں کو شہید کرنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں، بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزام لگائے جارہے ہیں، لانچ پیڈ سے متعلق بھارتی بیانات سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں، عالمی مبصرین کو دعوت دیتے ہیں آئیں دیکھیں کہاں ہیں لانچ پیڈز، لائن آف کنٹرول پر پوری اجازت دیتے ہیں عالمی مبصرین آئیں اور دورہ کریں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات کو پاکستان سے جوڑ رہا ہے، بھارت کی کوشش ہے کہ اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگائے، بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے جو حالات ہیں اس پر دنیا کو توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں پاکستان کے خلاف اقلیتوں سے متعلق پروپیگنڈا کیا، کرتارپور اور پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک پوری دنیا نے سراہا ہے، امریکا نے اپنی رپورٹ ریلیز کی جس میں پاکستان کی تعریف کی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جارحیت سے دنیا بخوبی آگاہ ہے، بھارت جس طرح کے اقدامات کررہا ہے اس کو دنیا دیکھ رہی ہے، بھارت کا وتیرہ ہے جب بھی کسی مسئلے میں پھنسے الزام پاکستان پر لگاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج حکومت کے احکامات کو انفورس کرنے میں ہر طرح سے مدد فراہم کررہی ہے۔ مسلح افواج سول اداروں کے ساتھ بیک اپ سپورٹ دے رہی ہے۔ مسلح افواج کی طرف سے سول ایڈمنسٹریشن کو انسانی وسائل اور مواد کے وسائل میں مدد کی جارہی ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے اپنی ملٹری ہسپتال، لیبز جہاں جہاں سہولتوں کی ضرورت ہے فراہم کردی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ این سی او سی کا مقصد تمام انفارمیشن کو ایک جگہ اکٹھا کرکے فیصلہ کرنے والوں کو بھیجنا ہے۔ اس سے ہم زیادہ فوکس ہوسکتے ہیں کہ کہاں زیادہ توجہ کی ضرورت ہے، چین نے ہمارے ساتھ اپنے تمام تجربات شیئر کیے ہیں۔ ایک میڈیکل ٹیم دو ہفتے پاکستان میں گزار کر چلی گئی ہے جب کہ دوسری ٹیم موجود ہے۔ چین کا کردار وبا سے نمٹنے میں بہت مثبت ہے۔ ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت کے مقابلے میں ہماری Communication Strategy بہت Evolve ہوئی ہے۔ دنیا نے اسے سراہا ہے۔ اس میں پاکستانی میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل سے ہمارے ہاں کشمیر اور گلگت بلتستان میں اعدادوشمار کے حوالے سے کووڈ ۔19 کے کیسز باقی ملک سے بہت کم ہیں۔