پاکستان کے قانون کو نہ ماننے والا یہاں سے چلا جائے، نگراں وزیراعظم
پشاور: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ جو پاکستان کا قانون نہیں مانتا وہ یہاں سے چلا جائے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گورنر ہاؤس پشاور میں خیبر پختون خوا پولیس دربار کی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے پی پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کے پی پولیس کے شہدا کے ورثا کوئی معمولی نہیں بہت بڑے لوگ ہیں۔ میں ایک مقروض کی حیثیت سے یہاں آیا ہوں۔ آپ لوگوں کا مجھ پر بہت بڑا قرض ہے، بعض اوقات ہم آپ کو وہ مالی امداد نہیں دے پاتے جو دینی چاہیے۔
نگراں وزیراعظم نے دہشت گردوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرے ہوئے لوگ ہیں، جنہوں نے اس شہر میں بچوں کو قتل کیا۔ میں نے بیماری یا خودکُش حملے میں مر جانا ہے یہ فیصلہ اللہ کا ہوگا۔ یہ دین اور اسلام کے نام پر لوگوں کو ڈراتے ہیں۔ اللہ نے زندگی اور موت کا فیصلہ اپنے ہاتھ میں رکھا ہوا ہے۔ ہم پر 10 حملے کریں گے ان کو ایک ہزار بار جواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شر کا ساتھ دینے والے گرے ہوئے لوگ ہیں۔ اے پی ایس میں معصوم بچوں کو شہید کیا گیا،ان بے غیرتوں کو حیا آنی چاہیے۔ ہم ان دہشت گردوں سے نہیں ڈرتے۔ ہم سب اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں۔ یہ دہشت گرد ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں، ہم ان کے خلاف کامیاب ہوچکے اور ہمیں اپنے اس سفر پر گامزن رہنا چاہیے۔