الیکشن مقررہ وقت پر کرانے کے لیے سینیٹ میں قرارداد جمع

اسلام آباد: جنرل الیکشن مقررہ وقت 8 فروری 2024 پر کرانے کے لیے سینیٹ میں قرارداد جمع کرادی گئی۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے قرارداد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ الیکشن کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، مقررہ وقت پر انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کی ذمے داری ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے اور 8 فروری کو الیکشن کی تاریخ مقرر کی جاچکی ہے۔
سینیٹر مشتاق احمد کی قرارداد میں کہا گیا کہ سینیٹ سے الیکشن کے التوا کی منظور کرائی گئی قرارداد غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے، سینیٹ کو آئین کے خلاف کسی اقدام کا اختیار نہیں ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ 8 فروری کو صاف شفاف الیکشن کرائے جائیں اور سب جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، سینیٹ سے الیکشن کے التوا سے متعلق منظور کردہ قرارداد کو کالعدم تصور کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ نے الیکشن کے التوا سے متعلق فاٹا سے آزاد رکن دلاور خان کی پیش کردہ قرارداد منظور کی تھی، قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان بالا میں صرف 14 اراکین موجود تھے جس میں سے صرف مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے قرارداد کی مخالفت کی جب کہ پی ٹی آئی کے سینیٹر گردیپ سنگھ اور پیپلز پارٹی کے بہرہ مند تنگی خاموش رہے، دونوں اراکین کو ان کی جماعتوں کی جانب سے کورم کی نشان دہی نہ کرنے پر شوکاز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔