ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کریں گے، آرمی چیف

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کرکے جھوٹی خبروں کے ذریعے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے ریاست اپنا وجود کھوتی جارہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل فارمرز کنونشن سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جارہی ہیں، لیکن آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ کلمہ کے نام پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان، یہ محض اتفاق نہیں، ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کریں گے۔
علاوہ ازیں جنرل عاصم منیر نے کہا کہ زراعت اور مویشی بانی قریباً ہر نبی کا پیشہ رہا ہے، کیونکہ اس پیشے میں ڈسپلن، تکلیف، نمو اور صبر شامل ہیں، جن کے نتیجے میں بے تحاشا انعامات ملتے ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس، گلیشیئرز، دریا، پہاڑ اور زرخیز زمین ہے، جس سے دنیا کا بہترین چاول، کینو اور آم جیسے پھل پیدا ہوتے ہیں اور زمین میں گرینائٹ، سونا اور تانبا جیسے خزانے موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ایشیا کا تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، لیکن ہم نے قائداعظم کے تین زریں اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم کو بُھلادیا، جس کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہوئے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد یہی ہے کہ ہمیں سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جائے گا جب کہ باقی حصہ کسانوں اور زرعی ریسرچ کے لیے رکھا جائے گا، فوج کا اِس میں کردار صرف عوام اور کسانوں کی خدمت ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ تمام اضلاع میں زرعی مالز Agriculture Malls کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولتیں میسر ہوں گی، آسان زرعی قرضوں، کولڈ اسٹوریج کی چین، موسمیاتی تبدیلی کے تاثرات سے محفوظ بیج اور جینیٹیکلی انجنئیرڈ لائیو اسٹاک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔