عمران دستبردار، بیرسٹر گوہر انٹرا پارٹی الیکشن میں چیئرمین کے امیدوار نامزد
اسلام آباد: سینیٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں چیئرمین کے امیدوار ہوں گے۔
سینیٹر علی ظفر کا بیرسٹر گوہر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن کا حکم دیا، پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم الیکشن کمیشن گئی، الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی الیکشن پر اطمینان کا اظہارکیا تھا۔
سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا، الیکشن کمیشن نے زبانی فیصلہ تحریری فیصلے میں تبدیل کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے 20 دن کے اندر انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دیا، ہم ہفتے کے دن انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں گے۔
علی ظفر کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی ہی اصل پی ٹی آئی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انٹرا پارٹی الیکشن نہیں لڑرہے، تاہم عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی منظوری دے دی ہے، جو نام چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا وہ نام بیرسٹر گوہر کا ہے۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا، چیئرمین عمران خان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے پارٹی چیئرمین کے لیے میرے نام کی منظوری دی۔