ارب پتی تاجر کی بیٹی کی ہوائی جہاز میں شادی تقریب
دبئی: ارب پتی بھارتی تاجر دلیپ پوپلے کی بیٹی ودھی پوپلے کی شادی کی تقریب ہوائی جہاز میں دوران پرواز رکھی گئی اور اسی بیچ وہ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
دبئی میں مقیم بھارتی ارب پتی تاجر تاجر دلیپ پوپلے کی بیٹی ودھی پوپلے اور ان کے دوست ہردیش سینانی کی شادی غیر روایتی انداز میں گزشتہ دنوں فضاؤں میں انجام پائی، جس کے لیے خصوصی طور پر بوئنگ 747 طیارہ تیار کیا گیا تھا۔
شادی کے لیے دولہا دُلہن قریباً 350 مہمانوں کے ہمراہ جہاز میں سوار ہوئے اور دبئی سے عمان تک تین گھنٹے کا سفر کیا۔ پرواز میں ہی دونوں نے زندگی بھر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کے عہد و پیمان کیے۔
شادی کے لیے دُلہن ودھی نے روایتی سرخ لہنگا پہن رکھا تھا، جس پر سونے کی بھاری کڑھائی موجود تھی جب کہ دولہا ہردیش نے کریم رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی۔
جہاز میں سوار مہمانوں میں قریبی عزیزوں کے علاوہ، دوست احباب اور میڈیا کے لوگ بھی شامل تھے، جن کی تواضع سیون اسٹار کھانوں سے کی گئی جس میں روٹی، مکھن، سبزی، جلفریزی، مشروم پلاؤ، پالک پنیر اور دال مسالہ شامل تھے۔
آسمان میں شادی پوپلے خاندان کا ایک سیکوئل ہے جو قریباً 30 سال بعد دہرایا گیا ہے۔ 1994 میں پہلی بار دلیپ پوپلے نے اپنی محبوبہ سنیتا سے دوران پرواز شادی کی تھی۔
دلیپ اور سنیتا کی شادی ہوائی بندھن یا ویڈنگ ان دی ایئر کے طور پر مشہور ہوئی تھی، جس کے لیے ایئربس A310 نے ممبئی سے احمد آباد کے لیے اڑان بھری تھی۔
خیال رہے کہ پوپلے خاندان متحدہ عرب امارات اور بھارت میں زیورات اور ہیروں کی دکانوں کا مالک ہے، جس کے بھارت اور بیرون ملک اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔