اسٹاک مارکیٹ میں مندی، سونا اور ڈالر سستے ہوگئے

کراچی: آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات، اپریل میں جاری پروگرام ختم ہونے کے بعد نئے قرض پروگرام میں شمولیت کی راہ ہموار ہونے کی اطلاعات کے باعث جمعے کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 287 روپے سے نیچے آگئے، جمعے کو کاروبار کے آغاز سے ہی انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر میں 97 پیسے کی کمی اظہارِ کیا گیا۔
علاوہ ازیں ملک بھر میں سونے کی قیمت میں آج کمی ریکارڈ کی گئی۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1400 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد اب سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 15 ہزار 100 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 1200 روپے کم ہوکر ایک لاکھ84 ہزار414 روپے کا ہوگیا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 5 ڈالر کم ہوکر 1981 ڈالر فی اونس کا ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں مندی کا رجحان رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری دن میں 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 57750 رہی تاہم کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 333 پوائنٹس کم ہوکر 57063 پر بند ہوا۔
حصص بازار میں 90 کروڑ شیئرز کے سودے 23 ارب روپے میں طے ہوئے جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 16 ارب روپے بڑھ کر 8281 ارب روپے ہوگئی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔