بھارت اور آئی سی سی نے ورلڈکپ فِکس کیا ہوا ہے، حریم شاہ

کراچی: ٹک ٹاکر حریم شاہ نے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 فِکس ہونے کا دعویٰ کردیا۔
گزشتہ روز آئی سی سی ورلڈکپ کے 37ویں میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو 243 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی، اس میچ میں فتح کے ساتھ بھارت نے موجودہ ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔
بھارت کی لگاتار جیت کے بعد حریم شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بھارتی کرکٹ ٹیم کی تصویر پوسٹ کی، جس پر “فِکسر” لکھا ہوا تھا۔
حریم شاہ نے اپنی پوسٹ میں شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سمجھتا ہے کہ دنیا بے وقوف ہے لیکن ہم بے وقوف نہیں ہیں۔
ٹک ٹاکر نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ ٹورنامنٹ بی سی سی آئی (بھارتی کرکٹ بورڈ) اور آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے بھارتی کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے پہلے سے ہی فِکس کیا ہوا ہے۔
حریم شاہ کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے زیادہ تر شائقین کرکٹ نے اُن کی بات سے اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں ویرات کوہلی کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 326 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم صرف 83 بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
دوسری جانب ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف ورلڈکپ کے 37 ویں میچ میں سنچری اسکور کرکے سابق بھارتی بیٹر اور لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے میچوں میں سب سے زیادہ 49 سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں پروٹیز کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی نے 119 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔