عام انتخابات کیلیے 28 جنوری 2024 کی تاریخ مقرر کیے جانے کا امکان
اسلام آباد: پاکستان میں اس وقت اکثر سیاسی حلقوں کی جانب سے عام انتخابات جلد کروانے کے مطالبات سامنے آرہے ہیں۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ملک میں عام انتخابات کے لیے 28 جنوری 2024 بروز اتوار کی تاریخ متوقع ہے۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کو 2 دن بعد تحریری طور پر آگاہ کر دے گا۔
حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مجوزہ تاریخ پر انتخابات کرانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل صدر عارف علوی نے ایک انٹرویو کے دوران اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ انہیں جنوری 2024 میں عام انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے، جس پر الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز وضاحتی بیان جاری کیا تھا کہ ہم انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوتے ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔