اسرائیل قاتل، دُنیا کو فلسطینیوں کی نسل کشی بھولنے نہیں دوں گی، دنانیر
کراچی: معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور اداکارہ دنانیر مبین نے اسرائیل کے ہاتھوں معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کی ہے۔
دنانیر مبین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں اسرائیلی وزیراعظم کا ایک ٹوئٹ شیئر کیا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ جنگ تاریکی اور روشنی کے بچوں کے درمیان ہے۔
اس ٹوئٹ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے دنا نیر نے کہا کہ میں اپنی زندگی میں کبھی یہ ٹوئٹ نہیں بھولوں گی اور نہ ہی اس دنیا کو بھولنے دوں گی کہ کس طرح اسرائیلی قاتل حکومت معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی کررہی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی بم باری اور ناکہ بندی کو آج 11 دن تک ہوگئے ہیں جس میں 3300 سے زائد فلسطینی شہید اور 1400 اسرائیلی مارے گئے جب کہ 10 لاکھ فلسطینیوں کو گھر بار چھوڑ کر جنوبی علاقے منتقل ہونا پڑا ہے۔
فلسطین پر اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف دُنیا بھر کے فنکار اپنی آواز بلند کررہے ہیں اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بند کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔
پاکستان اور ترکیہ سمیت بھارت کے بھی کچھ اداکار ایسے ہیں جنہوں نے فلسطین کی حمایت کی ہے جن میں سونم کپور، سوارا بھاسکر اور گوہر خان شامل ہیں۔