غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکی باشندوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سول اور عسکری حکام، حساس اداروں کے سربراہان، چاروں صوبائی آئی جیز اور چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
ایپکس کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر قانونی غیر ملکیوں کو ملک سے نکل جانے کے لیے حتمی ڈیڈ لائن دیے جانے کا امکان ہے۔ تمام غیر ملکی متوقع ڈیڈ لائن تک یہاں موجود تمام اثاثے فروخت کرنے اور اپنے وطن واپسی کے پابند ہوں گے۔
ڈیڈلائن ختم ہونے پر غیر ملکیوں کو ملک بدر کردیا جائے گا اور جائیدادیں قرق کردی جائیں گی۔
پاکستان میں صرف “پروف آف رجسٹریشن” کے حامل افغان مہاجرین سکونت کے اہل ہوں گے۔ افغان شہری قانونی طور پر اجراء کردہ ڈیجیٹلائزڈ “ای-تزکیرہ” پر ہی پاکستان کا سفر کرسکیں گے۔ باقاعدہ قانونی ویزے کے حامل افغان شہری بھی پاکستان کا سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔ پاکستان میں مقیم تمام غیر قانونی افغان مہاجرین، شہریوں کو بھی ممکنہ ڈیڈلائن تک اپنے ملک واپس جانا ہوگا۔