عراق میں شادی ماتم میں تبدیل، آتشزدگی سے 113 افراد جاں بحق
بغداد: عراق میں شادی کی تقریب آگ لگنے کے باعث ماتم میں تبدیل ہوگئی، صوبے نینوا میں شادی کی ایک تقریب کے دوران شادی ہال میں آگ لگنے سے دولہا دلہن سمیت 113 افراد جاں بحق۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق ہمدانیہ شہر کے ایک شادی ہال میں تقریب جاری تھی کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آتش زدگی کے وقت ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔
عراق کی وزارت شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ آتش بازی کے سامان میں لگی۔ شادی ہال کو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتہائی مہلک آتش گیرمواد سے سجایا گیا تھا۔ واقعہ میں ساڑھے چار سو زائد افراد زخمی ہوئے۔ اب تک دولہا دلہن سمیت 113 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ شادی ہال کے قریبی علاقے کو عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے۔