تیرے بن ڈرامہ تب ملا جب خودکشی کا سوچ رہا تھا، آغا مصطفیٰ
کراچی: ٹی وی کے نئے اُبھرتے ہوئے اداکار آغا مصطفیٰ نے انکشاف کیا کہ جس وقت انہیں تیرے بن ڈرامہ کی پیشکش کی گئی، ان دنوں وہ کام نہ ملنے کی وجہ سے خودکشی کا سوچ رہے تھے۔
آغا مصطفیٰ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں مسلسل ہٹ ڈرامے دینے کے باوجود کام نہ ملنے اور کام کی تلاش میں پیش آنے والے مسائل کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔
آغا مصطفیٰ نے انڈسٹری میں 2 سال تک کام نہ ملنے کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل تیرے بن اُس وقت ملا جب وہ انتہائی مایوس اور خودکشی کے بارے میں سوچ رہے تھے۔
آغا مصطفیٰ نے دوران انٹرویو بتایا کہ انہوں نے انڈسٹری میں قدم رکھنے کے کچھ عرصے میں ہی ایک تھی مریم، سنگ مر مر اور کیسا ہے نصیباں جیسے ہٹ اور کامیاب پروجیکٹس کیے، لیکن ان تمام پروجیکٹس کے باوجود ایک وقت ایسا آیا جب انڈسٹری میں انہیں کوئی کام نہیں دے رہا تھا۔
انہوں نے انڈسٹری میں ہونے والی لابنگ کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس چیز کی پروا نہیں کرتے، کیونکہ ان کا کامل ایمان ہے کہ جو ان کے نصیب کا ہے وہ کہیں نہیں جائے گا، اس لیے وہ لوگوں کے بجائے صرف اللّہ سے مانگنے پر یقین رکھتے ہیں۔
آغا مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی کسی ساتھی اداکار یا ڈائریکٹر کی منتیں نہیں کیں کہ کام دلوادیں، ڈرامہ سنگ مر مر کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا جب کوئی کام نہیں دے رہا تھا، اس وقت اپنی ہر نماز میں صرف اللّہ سے رو رو کر دعا کرتا تھا، دو سال کے بعد بھی جب مسلسل کام نہیں ملا تو اس قدر مایوس ہوا کہ خودکشی کے خیالات آنے لگے۔
آغا مصطفیٰ نے کہا، لیکن میرا ایمان برقرار تھا کہ رزق دینے والی ذات اللّہ کی ہے، اسی دوران ڈرامہ سیریل تیرے بن کی پیشکش ہوئی اور میں نے اسکرپٹ پڑھے بغیر ڈرامہ سائن کرلیا، کیونکہ مجھے ہر حال میں کام کرنا تھا، میرے گھر کے بلز آتے تھے، جسے ادا کرنا تھا۔
آغا مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ انہیں ڈرامے کے چند سین ریکارڈ کروانے کے بعد اندازہ ہوا کہ ڈرامہ اور ان کا کردار بہت جاندار ہے، جس کے بعد انہوں نے اس کے لیے مزید محنت کی اور ڈرامہ میگا ہٹ ہوگیا، اس کے یکے بعد دیگرے ڈراموں کی آفرز ہونے لگیں۔
انہوں نے کہا کہ زندگی کے ان دو برسوں کے دوران یکے بعد دیگرے ہٹ پروجیکٹس دینے سے جو انا آگئی تھی وہ بالکل ختم ہوگئی اور شاید اللّہ نے یہی سبق سکھانا تھا۔