پاکستان سے امسال 3 ارب ڈالر مالیت کا چاول برآمد کیا جائے گا
کراچی: پاکستان میں پیدا ہونے والے چاول کو میکسیکو اور روس کا ویزا مل گیا ہے، رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اس سال 50 لاکھ ٹن چاول برآمد کرکے 3 ارب ڈالر زرمبادلہ کمائے گی۔
رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چیلارام نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پاکستان سے چاول کی خریداری کے لیے میکسیکو اور روسی ٹیموں نے ملکی رائس پروسیسنگ پلانٹس کی جانچ پڑتال کے بعد پاکستانی چاول کے لیے اپنی منڈیوں کو کھولا ہے۔
چیلارام نے بتایا کہ انڈونیشیا نے بھی 90 ہزار ٹن چاول پاکستان سے خریدا ہے، فلپائن میں بھی پاکستانی چاول کی مانگ ہے۔
انہوں نے مافیاز کے خلاف آپریشن کو صحیح کوشش قرار دیا اور کہا کہ آرمی چیف کے معاشی اقدامات کو سراہتے ہیں، ڈالر، چینی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی سے بھاؤ گرے ہیں۔
چیلارام نے چاول کا عالمی منظرنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں چاول برآمد کرنے پر پابندی عائد کرنے کی وجہ سے پاکستانی چاول کی طلب بڑھی ہے۔