بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا آغاز
اسلام آباد: بجلی چوروں کے خلاف حکومت نے آج سے بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔
سیکریٹری پاور راشد لنگڑیال نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاوٴن آج سے شروع ہوگا۔
اپنے بیان میں راشد لنگڑیال نے بتایا کہ تمام چیف سیکریٹریز اور آئی جی پیز اس مہم میں شامل ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ آسان نہیں، لیکن ناکامی کوئی آپشن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کردی گئی ہے کہ کسی کو بھی نہ بخشا جائے۔ اعلیٰ یا طاقتور، مقدس یا غیر مقدس۔
خیال رہے کہ نگراں وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی اور وزیر توانائی محمد علی نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ہر سال ملک میں بجلی کی 589 ارب کی چوری ہوتی ہے۔ 3ہزار 44 ارب میں سے آئیسکو، لیسکو، گیپکو، فیسکو اور میپکو 100 ارب کا نقصان کرتی ہیں جب کہ پیسکو، حیسکو، کیسکو، سیپکو، ٹیسکو میں 489 ارب کی بجلی چوری ہوتی ہے۔