بھارتی کرکٹ بورڈ وفد کی پاکستان آمد، ذکا اشرف کا اظہار تشکر

لاہور: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا 4 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔
پاکستان پہنچنے والے بھارتی بورڈ کے وفد میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی، نائب صدر راجیو شکلا، ڈائریکٹر بی سی سی آئی اور سیکریٹری ٹو نائب صدر محمد اکرم شامل ہیں۔
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے بھارتی وفد کا استقبال کیا اور پی سی بی حکام کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے وفد کو گلدستے بھی پیش کیے گئے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد دو روزہ دورے پر پاکستان آیا ہے، بھارتی وفد ایشیا کپ کے 5 اور 6 ستمبر کے میچز بھی دیکھے گا۔
صدر بی سی سی آئی راجر بنی کا اس موقع پر کہنا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر یہاں آئے ہیں، پاکستان کے ساتھ ہمارے پرانے تعلقات ہیں، 2005 کے بعد پاکستان آکر بہت اچھا لگا۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا کہنا تھا بھارتی وفد نے ہماری دعوت قبول کی اور یہاں آئے ہمیں اچھا لگا، دل کی گہرائیوں سے بھارتی وفد کا شکر گزار ہوں، اس طرح سے دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف کی دعوت پر پاکستان آیا ہے اور یہاں آنے سے قبل بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجر بنی اور راجیو شکلا کا کہنا تھا ہم پاکستان کرکٹ کے لیے جارہے ہیں، سیاست پر کوئی بات نہیں ہوگی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔