سائفر کیس: شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع

اسلام آباد: سائفر کیس میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم ہونے والی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کردی۔
اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی بند کمرے میں سماعت کی، اس سلسلے میں ایف آئی اے نے شاہ محمود کو عدالت میں پیش کیا۔
عدالت میں شاہ محمود قریشی کی طرف سے سینئر وکیل شعیب شاہین پیش ہوئے جب کہ ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر جلسے میں لہرایا جب کہ شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ سائفر کی کئی کاپیاں ہوسکتی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ بطور وزیر خارجہ سائفر کو وزارت خارجہ کو بھیج دیا اور انہوں نے سائفر چوری نہیں کیا۔
ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے دوران سماعت شاہ محمود قریشی کے مزید 9 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس کی شعیب شاہین نے مخالفت کی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شاہ محمود کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے اس میں مزید توسیع کردی گئی۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا، جس کے بعد ایف آئی اے ٹیم پی ٹی آئی رہنما کو لے کر روانہ ہوگئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا، جس کے بعد اب ان کے جسمانی ریمانڈ کی مدت 7 روز ہوگئی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔