چین: کوئلے کی کان میں دھماکے سے 11 کان کن ہلاک
بیجنگ: چین میں کوئلے کی کان شدید ترین دھماکے کے بعد بیٹھ گئی، جس کے ملبے تلے دب کر 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے شمالی صوبے شانشی میں کوئلے کی کان میں اس وقت دھماکا ہوا جب کان میں زیر زمین 90 سے زائد کان کن کام کر رہے تھے۔
دھماکے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا۔ امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 7 لاشیں نکالی گئیں جب کہ 2 نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔
10 سے زائد کان کنوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال میں روک لیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے جب کہ بقیہ زخمیوں کو مرہم پٹی کے بعد جانے دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کان کی تعمیر میں احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں جب کہ کسی حادثے کی صورت میں کان کنوں کی حفاظت کے لیے مؤثر انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔
چین میں کان کن اور فیکٹریوں میں ہونے والے حادثات عام ہیں، جن میں سالانہ 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔