بڑھتی عمر میں پٹھوں کے متاثر ہونے کے عمل سے متعلق نیا انکشاف
ناٹنگھم: بڑھتی عمر میں پٹھوں کے متاثر ہونے کا عمل انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے۔ نئی تحقیق میں سائنس دانوں کو معلوم ہوا ہے کہ کس طرح عمر بڑھنے کے ساتھ پٹھوں کے خلیے کمزور ہوتے ہیں اور چوٹ کے بعد صحت یابی اور پٹھوں کے دوبارہ بننے کے عمل کو متاثر کرتے ہیں۔
ناٹنگھم ٹرینٹ یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق سے حاصل شدہ نتائج عمر بڑھنے کے ساتھ چوٹ لگے پٹھوں کے ٹھیک ہونے میں تاخیر کی وجوہ پر روشنی ڈال سکتے ہیں۔
جرنل آف ٹشو انجینئرنگ اینڈ ری جینریٹِیو میڈیسن میں شائع شدہ تحقیق میں محققین کی ٹیم نے ایک 20 سالہ اور ایک 68 سالہ ڈونر کے خلیوں کا جائزہ لیا۔
مطالعے میں پٹھوں کے خلیوں کے اندر موجود جینز کا جائزہ لیا گیا اور زیادہ عمر والے خلیوں میں ڈیولپمنٹ پاتھ ویز (وہ مختلف طریقے جن کے تحت جینز پٹھوں کو دوبارہ بنانے کے لیے ایک ساتھ کام کرتے ہیں) کو کمزور پایا۔
ناٹنگھم یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر لِیویا سینٹوس، جن کی رہنمائی میں تحقیق کی گئی، کا کہنا تھا کہ یہ دریافت بتاتی ہے کہ جیسے جیسے ہم بوڑھے ہوتے ہیں ہمارے پٹھوں کی چوٹ دیر سے کیوں ٹھیک ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ صحت مند پٹھا چوٹ لگنے کے بعد دوبارہ بن جاتا ہے لیکن عمر کا بڑھنا پٹھے کے دوبارہ بننے کی صلاحیت کو متاثر کردیتا ہے اور جتنی زیادہ عمر بڑھتی ہے صحت یابی اتنی مشکل ہوجاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خلیوں کے افعال اور نشوونما کو کنٹرول کرنے والی راہداریاں عمر رسیدہ خلیوں میں مختلف انداز میں کام کرتی ہیں جس کا مطلب ہے عمر بڑھنے کے ساتھ پٹھوں کا دوبارہ بننا متاثر ہوتا ہے۔ اگر ان راہداریوں کو سمجھ لیا جائے تو ہم اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے نئے علاج متعارف کروا سکتے ہیں۔