پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کی تشکیل
پشاور: سابق وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا اور پی ٹی آئی کے سابق رہنما پرویز خٹک نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین بنانے کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختون خوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان، سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی اور سابق وزیر اشتیاق ارمڑ بھی پرویز خٹک کی پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے کئی سابق ایم پی ایز اور ایم این ایز کو پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 50 سابق ایم پی ایز اور ایم این ایز ان سے رابطے میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے خیبر پختون خوا کے 13 سابق ارکان اسمبلی سے رابطہ کیا، جس میں سے 6 نے معذرت کی۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری سے بھی رابطہ کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ سے ملاقات اور انہیں اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی دعوت پر ہشام انعام اللہ نے کہا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے، بعد میں میری حمایت نہیں کی، اس پر پرویز خٹک نے کہا کہ مجھے سائیڈ لائن کیا گیا تھا، میرے ساتھ بھی برا ہوا ہے۔
ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا خیبر پختون خوا سے مکمل خاتمہ ہوگیا ہے۔