قوم کی ترقی کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز کا کہنا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل اور خوش حالی کی ضمانت ہیں، قوم کی ترقی کی کنجی انہی کے ہاتھ میں ہے اور ان پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جب میں خادم پنجاب تھا تو نوجوانوں میں لاکھوں لیپ ٹاپس تقسیم کیے، پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے بے شمار طلباء کو تعلیمی وظائف فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا، ان میں سے بہت سے طلبا و طالبات آج ڈاکٹرز، انجینئرز اور کامیاب پروفیشنلز بن چکے ہیں اور پاکستان کی خدمت کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے روشن مستقبل کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، میرا دل چاہتا ہے کہ ہر نوجوان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دوں، کووڈ 19 کی عالمگیر وبا آئی تو درس گاہیں بند ہوگئیں یہ لیپ ٹاپ ہی تھا جو نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور کامیاب پروفیشنل بنانے کا ذریعہ بنا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قوم کے ہر بچے جس کے پاس علم ہے اور محنت کرنا چاہتا ہے، اسے اپنا پیٹ کاٹ کر لیپ ٹاپ فراہم کریں گے، یہ لیپ ٹاپ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کمانے کے قابل بنانے کا ذریعہ بھی بنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ایک سال کے دوران نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے، اس کے لیے بجٹ میں رقم مختص کردی گئی ہے اور یہ لیپ ٹاپ کسی سفارش پر نہیں بلکہ خالصتاً میرٹ پر ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو بھی 5 ارب روپے کے زرعی قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی محنت رنگ لائے گی اور ہم آئی ٹی کے شعبے میں ہمسایہ ملک کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے اور پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو ایک لاکھ نہیں بلکہ ایک کروڑ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کروں کیونکہ یہی لیپ ٹاپ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کا ذریعہ بنیں گے۔
انہوں نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے دل خراش واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج جمعہ کے دن پوری قوم دنیا کو یہ باور کرانے کے لیے احتجاج کررہی ہے کہ کوئی مسلمان قرآن مجید کی بے حرمتی برداشت نہیں کرسکتا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے فیتہ کاٹ کر پورے پاکستان کے طلبا وطالبات میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کا افتتاح کیا، وزیراعظم نے تقریب میں شریک مختلف یونیورسٹیوں کے نمایاں تعلیمی قابلیت کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات میں خود لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔