سندھ کے سیلاب متاثرین کیلیے 25 ارب کی منظوری
اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 25 ارب روپے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق یہ رقم سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد پر خرچ ہوگی، وزیراعظم نے جمعہ کو پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات میں فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
دھیان رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں سوات میں جلسے سے خطاب کے دوران وزیراعظم سے بجٹ میں وعدے پورے نہ کرنے کا شکوہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پیسہ نہ ملا تو پیپلز پارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دے گی۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم پر دہرے معیار کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا، اس وقت ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے ضرور حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں، انہوں نے خود سیلاب کی تباہی دیکھی، وہ سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کریں، ہم عوام کا خیال رکھتے ہیں جب کہ دوسری جماعتیں مخصوص افراد کا خیال رکھتی ہیں۔
گزشتہ روز نارووال میں میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو کی وزیراعظم شہباز شریف کو وارننگ پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری میں تمام اتحادیوں کو شامل کیا گیا تھا، حکومت کی کوشش ہے کہ ہر فیصلہ اتفاق رائے سے کیا جائے۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دونوں جماعتوں کے مالی امور سے متعلق وزرا اور ماہرین اجلاس میں شریک ہوں گے جس میں بجٹ سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔