کراچی: سپر مارکیٹ مخدوش قرار، 750 دکانیں سیل
کراچی: سمندری طوفان اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے لیاقت آباد سپر مارکیٹ کی 9 منزلہ عمارت کو مخدوش قرار دیتے ہوئے سیل کردیا، جس میں 750 دکانیں ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق عمارت کی بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور، میزنائن فلور اور 9 منزلہ بلڈنگ کو چاروں اطراف سے سیل کیا گیا ہے، سپر مارکیٹ میں چار سرکاری دفاتر بھی ہیں، جنہیں سیل کیا گیا ہے۔ سیل شدہ عمارت میں واٹر بورڈ، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، لائبریری اور کے ایم سی لیز کے دفاتر موجود ہیں۔
یہ کارروائی ایس بی سی اے کی نشان دہی پر اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد کی جانب سے کی گئی، سیل شدہ سپر مارکیٹ کی بیسمنٹ میں گزشتہ کئی سال سے کئی فٹ پانی جمع ہے، جس کے سبب لیاقت آباد سپرمارکیٹ کو کئی سال قبل بھی انتہائی مخدوش قرار دیا گیا تھا۔