سمندری طوفان کراچی کے ساحل سے نہیں ٹکرائے گا، موسلادھار بارش کا امکان
کراچی: بحری طوفان بپر جوائے کا کراچی سے فاصلہ بڑھ گیا اور طوفان اب کراچی کے جنوب سے 370 کلومیٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہلے سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 340 کلومیٹر دور تھا، طوفان ٹھٹھہ کے جنوب سے 355 کلومیٹر اور کیٹی بندر کے جنوب، جنوب مغرب سے 290 کلومیٹر دُور ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ بپرجوائے کراچی کے ساحل سے نہیں ٹکرائے گا لیکن طوفان کا اثر نظر آئے گا۔
طوفان کے سبب ہاکس بے کے سمندر میں طغیانی بڑھ گئی ہے جب کہ منوڑہ جانے والا زمینی راستہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں بوندا باندی، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں آج سے 16 جون کے درمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے، اس دوران اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
بپرجوائے سے جاتی، کھاروچھان اور شاہ بندر کے علاقے خطرے کی زد میں ہیں، بدین اور ٹھٹھہ کی ساحلی بستیوں میں بھی تیز ہوائیں چل رہی ہیں، تیز ہواؤں سے ہائی ٹرانسمیشن لائن کے پول گرگئے، جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کیٹی بندر میں بھی موسم تبدیل ہوگیا اور وہاں ہلکی بارش شروع ہوگئی ہے۔
بدین میں زیرو پوائنٹ، گگونگھڑو، چک 57، بھگڑا میمن سمیت ساحل پر آباد علاقوں سے انخلا مکمل کرالیا گیا ہے۔
ادھر گڈانی میں جیٹی پر مٹی بھر جانے سے ماہی گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے، ماہی گیر کشتیوں کو کنارے پر لانے کے لیے 10 سے 15 ہزار روپے دینے پر مجبور ہیں۔